نئی دہلی، 14؍ستمبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )قومی دارالحکومت کے ایک نجی اسپتا ل سے چکن گنیا کے پانچ اور مریضوں کی موت کی آج خبر ملی جس سے دہلی میں اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد 10تک پہنچ گئی اور شہر میں صحت بحران گہرا گیا ہے۔سبھی پانچ اموات اپو لو اسپتا ل میں ہوئیں اور مرنے والوں میں زیادہ تر لوگ 80سال یا اس سے زیادہ عمر کے تھے۔اسپتا ل کے حکام نے کہاکہ گزشتہ تین ہفتوں میں ہمارے یہاں چکن گنیا بخار میں مبتلا پانچ لوگوں کی موت ہوئی ہے جن میں سے زیادہ تر بزرگ تھے۔کل دوپہر بعد غازی آباد کے رہائشی 80سالہ مہندر سنگھ کی چکن گنیا سے پیدا ہوئی پیچیدگیوں کی وجہ سے موت ہو گئی۔انہوں نے کہاکہ چکن گنیا کا پتہ لگانے کے لیے کئے جانے والے آر ٹی ، پی سی آر ٹیسٹ میں وہ اس بیماری سے دوچار پائے گئے ۔بیماری کی وجہ سے مختلف اعضاء کے کام کرنا بند کر دینے کی وجہ سے اس کی موت ہو گئی۔غورطلب ہے کہ دہلی میں چکن گنیا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔اس موسم میں اس بیماری کے ایک ہزار سے زیادہ معاملے سامنے آ چکے ہیں اور اسپتا ل اور کلینک مریضوں سے بھرے پڑے ہیں۔اسپتا ل کے حکام نے کہاکہ ان میں سے زیادہ تر گردوں کی شدید بیماری، دھمنی سے متعلق پریشانیوں سے دوچار تھے۔